Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 اگست 2024 11:27am

ایران نے اسرائیل پر حملے کی تیاریاں شروع کر دیں

ایران کے سپریم لیڈر نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دے دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر جوابی کارروای کا حکم دیا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل پر حملے کا حکم دیا۔ امریکی اخبار کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ ایران کس قدر طاقت کے ساتھ جواب دے گا، ایرانی فوج تل ابیب اور حیفہ کے قریب فوجی اہداف پر حملے پر غور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔ حماس کے سربراہ کی نماز جنازہ آج صبح تہران میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ادا کی جائے گی۔ دوسری جانب ایران نے اسرائیل کےخلاف جوابی کارروائی اور تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

اسماعیل ہنیہ کو اس وقت شہید کیا گیا جب وہ ایرانی صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے، اسماعیل ہنیہ شمالی تہران میں سابق فوجیوں کی رہائش گاہ پر مقیم تھے، تاہم ان کی قیام گاہ سے متعلق درست معلومات فراہم نہ کی جاسکیں۔

اس سے قبل سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا اسماعیل ہانیہ کی شہادت کا بدلہ لینا ایران کا فرض ہے، اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیاد فراہم کردی۔

نومنتخب صدر مسعود پیزشکیان نے اسماعیل ہنیہ کو شہید القدس کا خطاب دیا۔ خیال رہے کہ امریکا کا کہنا ہے اسرائیل پرحملہ ہوا تو دفاع کریں گے۔

Read Comments