وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ڈی سیل کردیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ دفتر سے ٹی وی، کمپیوٹرز، کیمرے، دستاویزات چوری کرلیے گئے۔
عدالتی احکامات پر سی ڈی اے کے عملے نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں سیکرٹریٹ کو ڈی سیل کیا۔
واضح رہے کہ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر ڈی سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی کو بلڈنگ میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔
پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ڈی سیل ہونے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ’دفتر ڈی سیل ہونے پر صورتحال کا جائزہ لیا ہے، ٹی وی، کمپیوٹرز، کیمرے، دستاویزات چوری کرکے لے گئے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’دفتر کی صورتحال دیکھ کر لگا کوئی قلعہ فتح کر لیا گیا ہو، روف حسن کے پرس سے پیسے نکال کر لے گئے، آئی جی، سی ڈی اے چئیرمین و دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے۔‘
عمر ایوب نے مزید کہا کہ ’جب تک یہ اپنی نوکریاں کریں گے، ایف آئی آر ان کا پیچھا کرے گی، بہت سے لوگوں کو معافیاں مانگتے دیکھا مگر ان کو معافی نہیں ملے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر جاکر سی ڈی اے فائر ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہاں چار ٹانگوں والے چوہے گھومتے ہیں۔