حکومت نے غیر منقولہ املاک کے حوالے سے ہولڈنگ پیریڈ کا تصور ختم کردیا ہے۔ یکم جولائی 2024 یا اس کے بعد حاصل کی جانے والی غیر منقولہ جائیداد پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ اس سلسلے میں فائنانس ایکٹ مجریہ 2024 کو بروئے کار لایا گیا ہے۔
ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ ایک انکم ٹیکس سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں غیر منقولہ املاک پر بڑھتی ہوئی یافت کے پیشِ نظر متعلقہ فرد فرسٹ شیڈول میں دی گئی شرح کے مطابق گین ٹیکس ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
فائنانس ایکٹ مجریہ 2024 سے قبل گین ٹیکس ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر زیادہ 15 فیصد کی شرح سے عائد کیا جاتا تھا جبکہ اوپن پلاٹس، اپارٹمنٹس یا انفرادی تعمیرات کا ہولڈنگ پیریڈ ایک سال سے کم ہو۔
ہولڈنگ پیریڈ زیادہ ہونے سے گین ٹیکس کی شرح کم ہوتی جاتی تھی۔ 6 سال سے زیادہ کے ہولڈنگ پیریڈ کے لیے شرح صفر اور تعمیرات پر 5 سال سے زیادہ کے ہولڈنگ پیریڈ پر گین ٹیکس کی شرح صفر قرار پاتی تھی۔ فلیٹوں کے لیے یہ معیاد دو سال سے زیادہ تھی۔
یکم جولائی 2024 کو یا اِس کے بعد غیر منقولہ املاک کی فروخت پر 15 فیصد کی شرح سے گین ٹیکس لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں فرسٹ شیڈول کی متعلقہ دفعات کا اطلاق ہوگا۔
افراد اور تنظیموں یا اداروں کے لیے کسی بھی صورت میں گین ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم نہیں ہوگی۔ 30 جون 2024 یا اِس سے قبل حاصل کی گئی غیر منقولہ املاک پر فائنانس ایکٹ مجریہ 2024 سے پہلے کے طریقِ کار کا اطلاق ہوگا یعنی ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر وصولی کی جائے گی۔