Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2024 02:20pm

بشریٰ بی بی جی ایچ کیو حملے سمیت 9 مئی کے 11 مقدمات میں ملزمہ نامزد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی کسز کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور بلوچستان پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کردیے جبکہ راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو حملے سمیت 9 مئی کے 11 مقدمات میں ملزمہ نامزد کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے بشریٰ بی بی پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس کی سماعت کی، سردار لطیف کھوسہ کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالتی حکم پر جواب جمع کروادیا، نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہیں، 3 کیس نیب راولپنڈی میں درج ہیں جبکہ ایک کیس نیب لاہور میں درج ہے۔

راولپنڈی پولیس اور اسلام آباد پولیس نے بھی اپنا جواب جمع کروادیا تاہم ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے اپنا جواب عدالت میں جمع نہیں کروایا۔

عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

دوران سماعت بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی جبکہ راولپنڈی پولیس کی جمع کرائی رپورٹ سامنے آگئی۔

راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے 11کیسز میں ملزمہ نامزد کرتے ہوئے ان کے خلاف ضلع راولپنڈی میں درج 11مقدمات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کردیں

سی پی او راولپنڈی کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی۔

بشری بی بی کو آرمی میوزیم ،جی ایچ کیو گیٹ 4 حملہ کیس، صدر کینٹ میں حساس عسکری عمارت جلانے، مری روڈ پر حساس ادارے کے دفتر پر حملے، مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ، تھانہ آر اے بازار، سول لائن، نیو ٹاؤن ،سٹی ،وارث خان ،ٹیکسلا تھانہ کیسوں میں نامزد کیا گیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس کو پیر کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 24 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات اور نئے کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے دائر درخواست پر وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، پولیس اور نیب کو نوٹسسز جاری کردیے تھے۔

بشریٰ بی بی کی مقدمات، انکوائریز کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست پر اعتراض ختم

بشریٰ بی بی کی نئے کیس میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

22 جولائی کو بشریٰ بی بی نے لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور نئے کیس میں گرفتاری روکنے کی درخواست دائر کردی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کردی گئی، احتساب عدالت نے حکم دیا کہ دونوں ملزمان کو تفتیش میں پیش رفت کی رپورٹ سمیت 8 اگست کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

خیال رہے کہ نیب کی ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دوران عدت نکاح کیس میں رہائی ملنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ توشہ خانہ سے جڑا یہ نیا کیس دراصل نیب کی ایک انکوائری رپورٹ ہے جس میں احتساب کے ادارے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ نے ’دس قیمتی تحائف خلاف قانون اپنے پاس رکھے اور فروخت کی۔

Read Comments