Aaj Logo

شائع 30 جولائ 2024 10:34pm

اسلام آباد ہائی کورٹ کا پی ٹی آئی سنٹرل سیکریٹریٹ فوری کھولنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سنٹرل سیکریٹریٹ فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کو بلڈنگ میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کی بھی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کا پی ٹی آئی آفس سیل کرنے کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی ، سی ڈی اے حکام سے 10 قسم کے انتظامات کرنے پر متفق ہوئی ہے

عدالت نے ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کو آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے سی ڈی اے اتفاق کیا کہ وہ آگ بجھانے کے آلہ جات ہر فلور پر نصب کریں گے۔ پی ٹی آئی چھت پر فائر پمپ ، الگ سے پانی کا ٹینک، مینول الارم سسٹم لگائے گی۔

عدالت نے کہا کہ بلڈنگ کے کچن کی حفاظت کے لئے گیس ڈیٹیکٹر اور ایمرجنسی نمبر آویزاں کئے جائیں گے، بلڈنگ میں بجلی کی باقاعدہ وائرنگ کرائی جائے گی۔

سماعت کا احوال

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے تحریک انصاف کی درخوست پر سماعت کی۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیا کہ کیا عمارت سیل کرنے سے پہلے نوٹس جاری کیا گیا تھا؟ جس پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وکیل نے 2017 اور 2018 کے پبلک نوٹسز عدالت میں پیش کر دیے۔

وکیل میٹروپولیٹن کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ کو صبح نوٹس جاری کیا گیا اور دوپہر میں جا کر عمارت سیل کی گئی، جس پر جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پوچھا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تین گھنٹے کا ہنگامی نوٹس دے کر عمارت سیل کردی؟ ایسی کیا ہنگامی صورتحال تھی اُس متعلق بتائیں۔

پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ ڈی سیل کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز

وکیل میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عدالت کو بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن بغیر نوٹس بھی بلڈنگ سیل کر سکتا ہے، پہلے بھی بلڈنگز ایسے سیل کی جاتی رہیں، پھر متعلقہ شخص ہم سے رابطہ کر لیتا ہے، جس پر جسٹس ثمن رفعت نے ریمارکس دیے کہ اگر غلط طور پر ایسا ہوتا رہا تو یہ مطلب نہیں کہ اس کیس میں بھی درست ہو جائے گا۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز کا مزید کہنا تھا کہ اگر اُن لوگوں نے عدالت سے رجوع نہیں کیا تو اِس کا جواز نہیں بنایا جا سکتا، جو ریگولیشنز ہیں اُن پر عملدرآمد کے بعد ہی کارروائی کی جا سکتی ہے، یہ تو نہیں ہو سکتا کہ آپ نے اچانک بیٹھ کر طے کیا اور جا کر عمارت سیل کر دی۔

جسٹس ثمن رفعت کا کہنا تھا کہ اُس کے لیے کسی نے اجازت دی ہو گی طریقہ کار پر عملدرآمد کیا گیا ہو گا، 2017 اور 18 کے پبلک نوٹس دکھا رہے ہیں اور 2024 میں عمارت سیل کر رہے ہیں۔

وکیل میٹروپولیٹن کارپوریشن نے مؤقف اپنایا کہ یہ اب بھی مطلوبہ حفاظتی اقدامات کر دیں تو ہم بلڈنگ ڈی سیل کر دیں گے۔

جسٹس ثمن رفعت نے لطیف کھوسہ سے مکالمہ کیا کہ آپ نے رٹ دائر کر دی لیکن حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے؟ جن حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی سامنے لائی گئی عدالت اُن پر آنکھیں بند تو نہیں کر سکتی۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عدالت آفس ڈی سیل کرنے کا حکم دے، ہم 15 دن میں یہ اقدامات کر دیں گے، جس پر جسٹس ثمن رفعت نے استفسار کیا کہ ان 15 دن میں کوئی واقعہ ہو جائے تو؟ یہ عدالت اپنے کندھوں پر یہ بوجھ نہیں لے گی۔

جسٹس ثمن رفعت نے ریمارکس دیے کہ یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں، میرا خیال ہے آپ آپس میں بیٹھ کر بھی اسے حل کر سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی سیکرٹریٹ چھاپہ : ’بغیر گرفتاری حبسِ بے جا میں رکھنے کے معاملے پر فیصلہ دوں گا، مناسب حکم نامہ جاری کیا جائے گا‘، جسٹس عامر فاروق

عدالت نے سردار لطیف کھوسہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وکیل کو مشاورت سے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کر دی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ہدایت دی کہ آپ لوگ بیٹھ کر مشاورت کریں اور پھر ہنگامی چیزیں عدالت کو بتائیں۔

جسٹس ثمن رفعت کا وکیل میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد سے مکالمہ کیا کہ جو ہنگامی طور پر لگانے والی چیزیں ہیں وہ بتا دیں، ریمارکس دیے کہ آٹومیٹک اسپرنکلر سسٹم تو شاید اس عدالت کا بھی کام نہیں کرتا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر پر پولیس کا چھاپہ، رؤف حسن اور پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

جسٹس ثمن رفعت امتیاز کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے دفتر کو اس طرح سیل نہیں رکھا جا سکتا، سردار لطیف کھوسہ نے سوال اٹھایا کہ بلڈنگ ڈی سیل نہیں کی جائے گی تو پھر یہ چیزیں کیسے لگائی جائیں گی؟ جس پر جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس دیے کہ اس حد تک ڈی سیل کر دیتے ہیں کہ یہ کام مکمل کر لیں۔

وکیل ایم سی آئی نے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر کے ساتھ جا کر وہاں حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں، جب تک اقدامات مکمل نہیں ہوتے سیکرٹریٹ میں لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

دونوں فریقین کے وکلا نے مشاورت کے بعد تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کر دیا۔

بعد ازاں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ڈی سیل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ 23 جولائی کو وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر ایک بار پھر سیل کردیا گیا تھا، میٹروپولیٹن کارپوریشن نے فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر نوٹس جاری کیا۔

Read Comments