اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عروبہ کومل کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے عروبہ کومل کی 50 ہزار مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
عروبہ کومل کی جانب سے ان کے وکیل سردار مصروف ایڈوکیٹ عدالت پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اسی مقدمے میں پہلے سے 2 خواتین کی ضمانت منظور ہوچکی ہے ، عروبہ کومل ایف آئی آر میں میں نامزد بھی نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے 2 روز قبل عروبہ کومل کو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
عروبہ کومل کو گزشتہ روز ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
واضح رہے کہ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن، عروبہ کومل اور دیگر کارکنان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔