سپریم کورٹ میں جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل کے بطور ایڈہاک جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اس سے قبل جسٹس ریٹائرڈ مظہرعالم میاں خیل نے بطور ایڈہاک جج تعیناتی پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔
واضح رہے کہ 20 جولائی کو سپریم جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور مظہرعالم کو ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔ جس کے بعد 26 جولائی کو صدر مملکت آصف زرداری نے دو ایڈہاک ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ ان ججز میں جسٹس (ر) مظہرعالم میاں خیل اور جسٹس (ر) سردار طارق مسعود شامل ہیں۔
وزارت قانون نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ان ججز کو ایک سال کی مدت کیلئے تعینات کیا گیا۔
ایڈہاک ججز کا بل پارلیمانی کمیٹی میں مسترد کر دیں گے، لطیف کھوسہ
خیال رہے کہ جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل نے پہلے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد جوڈیشل کمیشن اجلاس میں دوبارہ جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل سے رائےلینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم اب سپریم کورٹ کے جسٹس ریٹائرڈ مظہرعالم میاں خیل نے بطور ایڈہاک جج تعیناتی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے ایڈہاک ججز کے لئے جسٹس (ر) مظہرعالم میاں خیل اور جسٹس (ر) سردار طارق مسعود کے علاوہ جسٹس (ر) مشیر عالم، جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام بھی تجویز کیے گئے تھے تاہم ان دونوں نے معذرت کرلی تھی۔