سابق برطانوی باکسر عامر خان بھی مانچسٹر میں رونما ہونے والے واقعے کی مخالفت میں سامنے آگئے۔ ایکس پر وڈیو بیان میں عامر خان نے کہا کہ زندگی میں پہلی بار برطانوی پولیس کو ایشیائی نوجوانوں کو اِس طرح مارتے دیکھا ہے۔ برطانیہ میں ایسا ہونا انتہائی خوف ناک اور تشویش ناک بات ہے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ پتا نہیں ان نوجوانوں کی ماؤں کے دل پر کیا گزر رہی ہوگی۔ ایسے افسران کو برطرف کردینا چاہیے۔
برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ نے کہا کہ مانچسٹر واقعے کی فوٹیج بہت تشویش ناک ہے۔ یہ ویڈیو دیکھ کر بہت پریشان اور خوف زدہ ہوں۔
جو کچھ بھی مانچسٹر میں ہوا اس پر اپنے ردعمل میں ناز شاہ نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ مانچسٹر واقعے کی مکمل اور فوری تحقیقات ہونی چاہیے۔
برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ارکان افضل خان، یاسمین قریشی اور گریٹر مانچسٹر کے کونسلرز نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
افضل خان نے کہا کہ پولیس نے طاقت کا بے جا استعمال کیا۔ معاملہ انڈپینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ کو بھیجا جائے گا۔