کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر نے کہا ہے کہ فوج نے لندن جاکر نواز شریف کے گھٹنے پکڑے کہ نواز شریف صاحب! پاکستان آئیں کیونکہ عمران خان کے ہاتھوں پاکستان تباہ ہو رہا ہے۔ پھر ان قوتوں نے منصوبہ بندی کی کہ نواز شریف کو چوتھی بار وزیرِاعظم نہیں بننا چاہیے۔ شام پانچ اعلان کیا گیا کہ نواز شریف مانسہرہ سے الیکشن ہار گئے۔
مانسہرہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر نے کہا کہ منتخب حکومت کے خلاف سازش کرنے پر جب تک جنرل (ریٹائرڈ) باجوہ کو آرٹیکل 6 کے تحت پھانسی نہیں دی جائے گی تب تک پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔
محمد صفدر نے کاہ کہ ہمارے خلاف بائیس ہزار ووٹ کاسٹ کرائے گئے۔ یہ الیکشن کمیشن کی نااہلی تھی۔ نواز شریف کے ووٹرز کو ایسی پرچیاں دی گئیں کہ دونوں طرف نشان دکھائی دیا اور ووٹ مسترد ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بھی کیا کرے۔ اس کی تو ناکامی ہی ناکامی ہے۔ اُن لوگوں نے غلط الیکشن کروائے اور ہمارا ملک توڑ کر رکھ دیا۔ مشرقی پاکستان کو اُنہوں نے بنگلہ دیش بنادیا۔
جہاں سفارشی بیٹھے ہوں ایسے الیکشن کمیشن سے ہم فیئر الیکشن کی توقع نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن میں ریٹائرڈ لوگوں کا کیا کام ہے؟ وہاں حاضر ڈیوٹی لوگوں کو بٹھایا جائے تاکہ کل کو جواب دہ تو ہوں۔
محمد صفدر نے کاہ کہ ریٹائرڈ ججوں اور بیورو کریٹس کو الیکشن کمیشن میں تعینات نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ لوگ دھاندلی کرواتے ہیں۔ 2018 کا الیکشن چرالیا گیا مگر کسی نے نہیں پوچھا۔