نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئر پورٹ پر آج صبح ایک چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے دوران تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ ٹیک آف کے دوران طیارہ رن وے سے کھسک کر ایک عمارت سے جا ٹکرایا۔ عمارت سے ٹکراتے ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔ سُوریہ ایئر لائن کے طیارے میں 19 افراد سوار تھے۔ طیارے کا پائلٹ 37 سالہ منیش شکیہ بچ گیا۔
نیپال کی اس ایئر لائن کو 2019 میں بھارت کے کبیر بزنس گروپ نے خرید لیا تھا۔ تری بُھون ایئر پورٹ پر حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 9N-AME (CRJ 200) تھا۔ اس طیارے کو مرمت کے لیے پوکھارا کے علاقائی ایئر پورٹ پہنچایا جارہا تھا۔
یہ سانحہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے گیارہ بجے رونما ہوا۔ ابتدائی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ طیارہ ٹیک آف کے دوران پھسل کر ایک عمارت کی طرف چلا گیا تھا۔ پائلٹ نے جیسے ہی طیارے کو بلند کیا اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ اگلے ہی لمحے گرگیا۔
نیپال کو فضائی سفر کے معاملے میں سیفٹی کے ناقص انتظامات کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔ جنوری 2023 میں ییٹی ایئر لائنز کا ایک طیارہ پائلٹس کی غلطی سے گرکر تباہ ہوگیا تھا جس میں 72 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ پائلٹس نے غلطی سے طیارے کےانجن بند کردیے تھے۔