Aaj Logo

شائع 24 جولائ 2024 11:55am

گوشواروں کا معاملہ: الیکشن کمیشن کا ارکان اور سیاسی جماعتوں کو آخری موقع نہ دینے کا فیصلہ

سابق اسمبلیوں کے ارکان اور 10 سیاسی جماعتوں کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے آخری موقع نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے ارکان اور 10 سیاسی جماعتوں کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے کے کیس کی سماعت کی۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ سابق اسمبلیوں کے ارکان 12 اگست کو ریٹائرڈ ہو گئے تھے، مجموعی طور پر 37 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے تھے۔

ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سابق ارکان کے لیے گوشوارے جمع نہ کروانے پر قانون خاموش ہے۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ اگر سابق ارکان اسمبلی کے حوالے سے قانون خاموش ہے تو کمیشن کیا کر سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ ایسے ارکان کو انتخابات کے لیے نئے کاغذات نامزدگی جمع نہ کروانے دیے جائیں، 10 سیاسی جماعتوں نے بھی گوشوارے جمع نہیں کروائے تھے، قانون کے مطابق ایسی سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لے لیا جائے۔

ممبر خیبرپختونخوا نے ریمارکس دیے آپ قانون کی کیا بات کرتے ہیں، قانون تو کہتا ہے کہ آزاد ارکان 3 دن میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں، اب تو آزاد ارکان کو 15 دن دے دیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کروانے والے ارکان اور سیاسی جماعتوں کو آخری موقع نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے عوامی نیشنل پارٹی، پیپلز مسلم لیگ پاکستان، پاکستان عوامی راج، مو آن پاکستان، عوامی جمہوریہ پارٹی پاکستان، حق دو تحریک بلوچستان، پاکستان پیپلز لیگ نے بھی تاحال گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

Read Comments