وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں واقعہ سے متعلق تشکیل کردہ جرگے کے مطالبات ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں جرگہ ہوا جس میں بنوں جرگے کے عمائدین اور مشران نے شرکت کی، جس میں 60 سے افراد نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پی ، آر پی او بنوں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی شریک ہوئے۔
بنوں واقعے سے متعلق تشکیل کردہ جرگہ ارکان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کیے۔
بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی فورسز کے 8 اہلکار شہید
جرگے کے صدر ناصر خان بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمارے تمام مطالبات سن لیے اور کہا کہ مطالبات سے متعلق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے 48 گھنٹے میں صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں جرگے کے 5 اراکین بھی شرکت کریں گے اور ایپکس کمیٹی اجلاس میں مطالبات پر غور کیا جائے گا۔
ناصر خان بنگش نے کہا کہ بنوں میں دھرنا بدستور جاری رہے گا، جمعہ کے دن وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بنوں کا دورہ کریں گے، اس دوران وہ دھرنے کے شرکاء کے سامنے ایپکس کمیٹی کا فیصلہ رکھیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے فیصلے سامنے رکھنے کے بعد دھرنا ختم کیا جائے گا۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ بنوں امن کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلی ہاؤس میں منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے امن کمیٹی ممبران کے ساتھ گھل مل کر بنوں کی صورتحال اور دہشت گردی پر بات چیت کی۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ بنوں میں ہونے والے افسوسناک واقعے کے بعد انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنےپر وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے امن کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا، امن کمیٹی نے بنوں میں امن و امان قائم کرنے میں انتظامیہ کی مدد کی جو قابل تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بلایا جائے گا، اپیکس کمیٹی میں دہشت گردی سے متعلق تمام امور پر بات ہوگی، اپیکس کمیٹی اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پالیسی بنائی جائے گی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ امن کمیٹی کے تمام ممبران نے وزیر اعلی پر اعتماد کا اظہار کیا اور بنوں کے دوے کی دعوت دی، کمیٹی ممبران کی دعوت پر وزیراعلی بروز جمعہ بنوں کا دورہ کریں گے، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بنوں میں علامتی دھرنا جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ اتوار کو بنوں میں ہونے والے واقعے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گںڈا پور کا ویڈیو بیان سامنے آیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں کچھ مسلح لوگوں کی نشاندہی کی، یہ مسلح لوگ خود کو سرکاری اہلکار کہتے ہیں اور سرکاری ادارے سے خود کو منسلک کرکے گھومتے ہیں۔ صوبے میں مسلح افراد کے سرکاری اور غیر سرکاری معاملات پر، عوام، حکومت اور پولیس کو شدید تحفظات ہیں۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ بات چیت کے ذریعے معاملے کو حل کرنے پر بنوں کے مشران ، اپنی پارٹی کے ذمہ داران اور دیگر تمام لوگوں کا مشکور ہوں، معاملے پر علاقہ مشران کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔