مشیر اطلاعات خبیرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت عزم استحکام کی طرح بنوں واقعے پر بھی سیاست چمکا رہی ہے، سیکیورٹی جیسے اہم معاملات سیاست کے نذر کرنا مسلم لیگ کا پرانا وطیرہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ لاشوں کی سیاست مسلم لیگ ن ہی کا وطیرہ رہا ہے، ماڈل ٹاؤن میں خواتین اور بچوں کی لاشیں آپ ہی کی حکومت نے گرائی تھیں، انتشاری سیاست بھی مسلم لیگ ہی کا شیوا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ اور اب ایک پھر سپریم کورٹ کے خلاف زہر اگلنا واضح ثبوت ہے، جعلی فارم 47 حکومت عزم استحکام کی طرح بنوں واقعے پر بھی سیاست چمکارہی ہے، جعلی حکومت کے پاس سیاسی بیان بازی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
بعض مسترد شدہ سیاسی ڈرامے باز بنوں واقعے پر سیاست کر رہے ہیں، بیرسٹر سیف
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی جیسے اہم معاملات سیاست کے نذر کرنا مسلم لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، جعلی حکومت عمران خان اور پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت سے خائف ہیں، اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے عمران خان اور پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختوںخوا کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے جعلی حکومت کو موجودہ حالات سے بری الذمہ قرار دینے کی کو شش کررہے ہیں، جعلی حکومت کے وزراء بدحواسی میں کچھ بھی بول دیتے ہیں۔