دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کا وہاں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبہ سے رابطہ ہے۔ دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انتہائی کشیدہ علاقوں سے تمام پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں موجود تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے چند طلبہ کو اپنے گھر میں اور باقی کو ہائی کمیشن کی عمارت میں رکھا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی حکومت کے اقدامات اب تک اطمینان بخش رہے ہیں۔ سفارت خانوں اور ہائی کیمشنز کے علاقے کی سیکورٹی پر خاطر خواہ توجہ دی جارہی ہے۔