تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔
اپنے ایک بیان میں سنی اتحاد کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان آئندہ جمعہ کو ملک گیراحتجاج کرے گی، ملک بھر میں امن اوامان کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے،عمران خان اور بشری بی بی کو ناحق جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ کارکنان اور سوشل میڈیا سے وابسطہ لوگوں کو غیر قانونی اغوا کیا جا رہا ہے، مہنگائی کے طوفان نے عوام کو تباہ کر دیا ہے، میرا عوام کے لیے پیغام ہے آپ نے اپنے حقوق کے لیے نکلنا ہے۔
بنوں میں فائرنگ پی ٹی آئی کے لوگوں نے کی، جس سے بھگڈر مچی، وفاقی حکومت
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف ملک بھر میں آگ و خون کا کھیل کھیلا جارہا ہے، سیاسی جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ ارکان قومی اسمبلی کی خریداری کے لیے بڑے بڑے آفرز ہورہے ہیں، ارکان اسمبلی کو دباو میں لا کر وفاداریاں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ عوام نے آئندہ جمعہ کو احتجاج کو کامیاب کرنا ہے، جی ڈی اے اور سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ 26 جولائی جمعہ کے روز ہی جماعت اسلامی پاکستان نے بھی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج و دھرنے کی کال دے رکھی ہے۔