انڈین ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری کپتان انضمام الحق کی طرف سے بال ٹیمپرنگ کے لگائے گئے الزامات کا جواب دے دیا۔
یوٹیوب چینل کے ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی محمد شامی نے کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران ارشدیپ سنگھ پر لگائے گئے انضمام الحق کے بال ٹیمپرنگ کے الزام بے بنیاد ہیں آپ پاکستانی عوام کو دھوکا دینا بند کریں۔
محمد شامی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگر چیمپئینز ٹرافی 2025 کھیلنے پاکستان آیا تو 3 گیندیں لے کر جاؤں گا اور انہیں دکھاؤں گا کہ ان میں کوئی ڈیوائسز نصب نہیں تھی اور 20 لوگوں کے سامنے گیندوں کو دو ٹکڑے کردوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران گیند میں ڈیوائس لگانے کا الزام لگایا گیا، کیا عجیب بچوں والی باتیں کررہے ہیں، انضی بھائی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن ایسے بیانات کی اِن سے توقع نہیں تھی۔
محمد شامی نے بتایا کہ ریورس سوئنگ پہلی بار پاکستانی بولرز نے ہی کرانا شروع کی تھیں اور اس کا جادو پوری دنیا کو سکھایا اور اب ایسے الزامات لگا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انضمام الحق ماضی میں اپنے بولرز کی جانب سے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعات کو یاد رکھا چاہیے۔
بھارتی فاسٹ بولر نے کہا بال میں ڈیوائس لگاکر سوائنگ کروانے کا بیان نہایتی عجیب ہے، لوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
خیال رہے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے دوران ایک پروگرام انٹرویو میں سابق کپتان انضمام الحق نے الزام عائد کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ارشدیپ 15ویں اوور میں گیند ریورس کررہے ہیں تو اسکا مطلب صاف ہے کہ بال کیساتھ چھیڑخانی کی گئی تھی۔