پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ آج ملک کے جو بھی حالات ہیں اُن کی ذمہ دار حکومت ہے۔ فارم 47 سے آنے والے چچا بھتیجی کے دن گنے جاچکے ہیں۔ مریم نواز کا کل کا بیان احمقانہ اور بزدلانہ ہے۔ انہیں بانی پی ٹی آئی سے خوف لاحق ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احمد خان بھچر نے کہا کہ کیا مریم نواز سمجھتی ہیں کہ ان کی حکومت عوامی ہے۔ آپ نےسپریم کورٹ پرحملہ کیا اور ججوں کو گالیاں دیں۔
پنجاب کے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد مہنگائی کے اشو پر عوام کو سڑکوں پر لے آئیں گے۔ کیا ملک کی سب سے بڑی جماعت پر پابندی لگائی جاسکتی ہے؟
جو لوگ حکومت میں ہیں اُنہیں اڈیالہ جیل میں بیٹھے ہوئے قیدی نمبر 804 کا خوف لاحق ہے۔ عوام جس کے حق میں رائے دے دیں وہی حکمرانی کا حقدار ہوتا ہے اور کوئی خطرہ لاحق ہو تو اُسی سے لاحق ہوتا ہے۔
ایک سوال پر احمد خان بھچر نے کہا کہ مسلط کی جانے والی حکومتیں زیادہ دیر ٹِک نہیں پاتیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے لیے ہر جگہ باہر نکل رہے ہیں۔
احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد اور لاہور میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جلسے کریں گے۔ اُن سے میری ملاقات ہوئی ہے۔ اُن کا کوئی ذاتی مفاد نہیں۔ وہ صرف ملک کی بات کرتے ہیں۔