سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی جبکہ 3 آزاد ارکان کے بیان حلفی تاحال جمع نہیں کرائے گئے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے 38 آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست جمع کرائی، اراکین اسمبلی کی فہرست کے ساتھ اضافی دستاویز بھی منسلک کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے تین آزاد ارکان کے بیان حلفی تاحال جمع نہیں کرائے، صاحبزادہ محبوب سلطان، مبین عارف اور ریاض فتیانہ بیرون ملک ہیں۔
پی ٹی آئی کے 91 اراکین قومی اسمبلی کی فہرست تیار، آج ہی جمع کرائے جانے کا امکان
مخصوص نشستیں: سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے الیکشن کمیشن کا اجلاس بے نتیجہ ختم
مخصوص نشستوں پر نظرثانی درخواست، ن لیگ کو نمبر الاٹ
ذرائع تحریک انصاف نے بتایا کہ تینوں آزاد اراکین قومی اسمبلی کے وابستگی فارم آج جمع کرادیں گے۔
12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 13 رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جمال خان مندوخیل کے اختلافی نوٹ کے مطابق جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لینے والے دن تک کوئی اور ڈیکلیریشن جمع نہیں کرایا کہ وہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ شامل کر کے مخصوص نشستوں کی تقسیم کرے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس فیصلے کی غلط تشریح کی۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو الاٹ کی جائیں جبکہ تحریک انصاف کو ہدایت کی تھی کہ اپنے اراکین کی فہرست حلف ناموں کے ساتھ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جائے۔