45 سالہ مصری شہری میگڈی عیسیٰ نے سات دن میں دنیا کے ساتوں عجوبے دیکھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق میگڈی عیسیٰ نامی شہری نے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے 6 دن 11 گھنٹے 52 منٹ میں دنیا کے 7 مشہور عجائبات کی سیر کی۔
میگڈی عیسیٰ نے اپنے سفر کا آغاز دیوار چین سے کیا، اس کے بعد آگرہ میں تاج محل اور پھر اردن کے قدیم شہر پیٹرا گئے۔
انہوں نے روم کے کولوزیم، برازیل میں کرائسٹ دی ریڈیمر اور پیرو میں ماچو پِچو کا رخ کیا۔
میکسیکو کے قدیم شہر چیچن اٹزا پہنچ کر اُن کا سفر اختتام پذیر ہوا۔
اس انوکھے کارنامے کی تعریف میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انسٹاگرام پر ان کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ان عجائبات کی سیر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
میگڈی عیسیٰ کا کہنا تھا کہ یہ بچپن کا خواب تھا جس کی منصوبہ بندی کرنے میں تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا۔
ان کا کہنا کہ ’مجھے پروازوں، ٹرینوں، بسوں اور سب ویز سے ہوتے ہوئے اِن عجائبات تک پیدل چل کر جانا تھا، ایک ذرا سی رکاوٹ پورے سفر کے پروگرام کو خراب کر سکتی تھی‘۔
سفر کے دوران ایک موقع ایسا بھی آیا جب پیٹرا میں ان کی بس چھوٹ گئی تھی کیونکہ وہ سوتے رہ گئے تھے، نتجتاً انہیں متبادل بس تلاش کے لیے خوب بھاگ دوڑ کرنی پڑی۔
ان کی پیرو سے میکسیکو جانے والی فلائٹ بھی تقریباً چھوٹنے والی تھی، خوش قسمتی سے وہ عین موقع پر پہنچ گئے اور عملے کو سمجھایا کہ وہ ایک ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس پر ایئر لائن کے عملے نے ان کے لیے چیک اِن کاؤنٹر دوبارہ کھول دیا۔
واضح رہے کہ اس ناقابل یقین کارنامے کے ساتھ انہوں نے برطانوی شہری جیمی میکڈونلڈ کا گزشتہ سال قائم کردہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔