واشنگٹن: سابق ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی کی صدر جوبائیڈن سے مبینہ فون کال کی ریکارڈ سامنے آگئی جس میں انہوں نے صدر سے کہا کہ پولز سے پتا چلتا ہے کہ وہ الیکشن نہیں جیت سکتے۔
امریکی نشریاتی ادارے ”سی این این“ نے با خبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سابق اسپیکر اور جوبائیڈن کی ساتھی سیاست دان نینسی پلوسی نے صدارتی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نینسی پیلوسی کی گفتگوکے ردعمل میں بائیڈن نے پولز سے متعلق دفاعی اندازاختیار کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاس ایسے پولز ہیں جوکامیابی کا بتاتے ہیں۔
نینسی پلوسی کے اس موقف سے قبل امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے رہنما چاک شومر نے بھی بتایا تھا کہ صدر بائیڈن پر واضح کردیا ہے کہ ان کا صدارتی دوڑ سے دست بردار ہونا ملک اور ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے بہتر ہوگا۔
یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ جوبائیڈن کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر ڈیموکریٹس کی جانب سے صدارتی الیکشن کے لیے کوئی نیا امیدوار سامنے لایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ 81 سالہ صدرجوبائیڈن بڑھتی عمر، کمزور پڑتی یادداشت اور بھولنے کی بیماری کا شکار نظر آتے ہیں اور اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ صدارتی مباحثے میں بھی غیرمطمئن کارکردگی دکھا پائے تھے۔