لاہور ہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اگر وہ مستعفیٰ نہیں ہوتے تو سپریم جوڈیشل کونسل جائیں گے۔
ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر مستعفی نہیں ہوتے تو سپریم جوڈیشل کونسل جائیں گے، ملک میں آرٹیکل 6 اس سے پہلے بھی لگ چکے ہیں، سیاسی بنیادوں پر تمام کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے مشہور جماعت ہے، پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کر پابندی کے فیصلے میں حکومت کے ساتھ نہیں، حکومت ایک دن میں پابندی اور آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلے کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظلم کی یہ رات ختم ہونے والی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو زیادہ دیر اندر نہیں رکھا جاسکتا، ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ کو پی ٹی آئی کی بجائے عوام پر توجہ دینی چاہیئے۔
ملک احمد خان بھچر نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صرف ہمارے خلاف کاروائیاں کروا رہی ہیں، اس مہنگائی کے خلاف جلد سٹرکوں پر آرہے ہیں، مہنگائی کے خلاف احتجاج کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔