بنوں کینٹ حملے پر پاکستان نے افغانستان سے سخت احتجاج کیا ہے۔ افغان سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفترخارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ حوالے کردیا گیا۔ 15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر حملے میں 8 سکیورٹی اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوئے تھے۔
دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ افغانستان میں مقیم حافظ گل بہادر گروپ نے کیا تھا۔ حافظ گل بہادر گروپ، تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مل کرپاکستان میں دہشت گرد حملوں میں سیکڑوں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق عبوری افغان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ مکمل تحقیقات کرے۔ بنوں حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری، سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے ۔ ایسے حملوں میں افغانستان کی سرزمین کے استعمال کو روکا جائے۔ پاکستان نے افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اعادہ کیا ، اور کہا کہ ایسے واقعات دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کی روح کے بھی خلاف ہیں۔
دفترخارجہ کے مطابق افغان حکومت واقعے کی تحقیقات کرے، اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے، واضح ہوگیا کہ خطے میں دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے 16 جولائی کو واقعہ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ چھاؤنی پر دہشت گردوں کے خود کش حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 8 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ چھاؤنی میں داخلے ہونے کی کوشش کرنے والے تمام 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملہ حافظ گل بہادرگروپ کی جانب سےکیا گیا۔ یہ گروپ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں کروارہا ہے، پاکستان متعدد مرتبہ عبوری افغان حکومت سے ضروری اقدامات کا کہہ چکا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغان حکومت دہشت گردوں کو اپنی زمین استعمال کرنےسےروکے، افغان حکومت ان دہشت گروپس کیخلاف مؤثرکارروائی کرے۔
ڈی آئی خان میں رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز، بچوں سمیت 5 شہید
خیال رہے کہ بنوں کینٹ حملے میں شہید فوجی جوانوں کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید، حوالدار شہزاد احمد شہید، حوالدار ظل ِحسین شہید، سپاہی ارسلان اسلم شہید، سپاہی اشفاق حسین خان شہید، سپاہی سبحان مجید شہید، سپاہی امتیاز خان شہید اور فرنٹئیر کانسٹبلری کے لانس نائیک سبز علی خان شہید کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔