معروف ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب کی جانب سے صارفین کے لیے ایک دلچسپ ٹول متعارف کرایا گیا ہے جس کا استعمال دنیا بھر کے افراد کر سکتے ہیں۔
صارفین کی بڑی تعداد گانے سننے اور ویڈیوز دیکھنے کے لیے خاص طور پر یوٹیوب کا رخ کرتی ہے جہاں وہ اپنی پسند کے مطابق گانے کی ویڈیو سرچ کرتے ہیں۔
لیکن اب گوگل نے ’یوٹیوب میوزک‘ کے نام سے ایک علیحدہ سروس متعارف کرائی ہے جس سے صارفین کو کافی حد تک آسانی ہوگی۔
اگر آپ یوٹیوب میوزک استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب اس میں ایک ایسا ٹول تمام صارفین کو دستیاب ہے جس کے ذریعے آپ گنگنا کر اپنی پسند کا گانا تلاش کر سکتے ہیں۔
مذکورہ ٹول کا نام ہم ٹو سرچ (hum to search) ہے جو مارچ 2024 سے اینڈرائیڈ صارفین کو یوٹیوب میوزک کے بیٹا (beta) ورژن میں دستیاب تھا۔
کمپنی کے اعلان کے مطابق یوٹیوب میوزک میں 10 کروڑ سے زائد گانوں کو گنگنا کر یہاں تک کہ گانے کی صرف دھن بجا کر اسے تلاش کیا جا سکے گا۔
یوٹیوب کے اس ٹول کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے ایپ پر جائیں، کونے پر آپ کو magnifying گلاس کا آپشن نظر آئے گا اس پر کلک کریں۔
کلک کرنے کے بعد مائیکرو فون آئیکون کے برابر میں ویو فارم آئیکون نظر آئے گا۔
اس آئیکون پر کلک کرکے گانا گنگنائیں یا اس کی دھن بجائیں، جس کے بعد فل اسکرین رزلٹ پیج میں گانے کا نام اور دیگر تفصیلات سامنے آجائیں گی۔
اس فیچر کو متعارف کرانے کے لیے گوگل نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔