جموں و کشمیر کے ڈوڈا ضلع کے ڈیسا جنگلات میں جھڑپ کے دوران میجر سمیت چار بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
انڈین ایکسپریس نیوز نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز ڈوڈا کے ڈیسا ضلع میں حریت پسندوں اور فوج کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دیگر ذرائع کے مطابق ایک سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب جنگل کے اندر حملہ آوروں کی تلاش میں گئے جہاں حملہ آوروں نے حکمت عملی کے لحاظ سے فائدہ مند پوزیشن حاصل کر رکھی تھی۔
سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان آدھے گھنٹے تک زبردست فائرنگ کا تبادلہ رہا۔ بھارتی فوج نے ہلاک ہونے والے افسران کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کے تحت ضلع کپواڑا میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی پُرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا گیا تھا۔