وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے جارہے ہیں، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو بن مانگے ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے حملے، سائفر کے معاملے اور امریکا میں قرار داد سمیت ایسے شواہد موجود ہیں جن کی بنیاد پر پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ’حکومت تمام ثبوتوں کی بنیاد پر تحریکِ انصاف پر پابندی لگائے گی۔ ’ علاوہ ازیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے طالبان کو پاکستان کے علاقوں میں لا کر بسایا اور ملک کے خلاف سازش کی۔
پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیلی فنڈنگ ملی ہے
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ پی ٹی آئی پر پابندی کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کی گئی، جس میں بھارت اور اسرائیلی فنڈنگ بھی شامل ہے۔ انہوں نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں پر الزام عائد کیا کہ انھوں بنے ملک دشمن قوتوں کو تقویت ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اس معاملات میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور پاسپورٹ ضبط کرنے سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پابندی کے فیصلےکولایا جائے گا
وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک سے پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ملک کے ساتھ بہت کہلواڑ ہوچکا، اب کہنا چاہتے ہیں نومور، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پابندی کے فیصلےکولایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے میں قانونی سقم کو دیکھتے ہوئے حکومت اور اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایک ایسا فیصلہ آیا ہے جو نظیر بننا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اگلے فیصلے قیامت والے دن اللہ کی عدالت میں ہوں گے۔
نظرثانی کا فیصلہ حکومت اوراس کے اتحادیوں کا ہے
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی عمران خان، رہنما پی ٹی آئی قاسم سوری کے خلاف ریفرنس بھیجنےکا بھی فیصلہ کیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ نظرثانی کا فیصلہ حکومت اوراس کے اتحادیوں کا ہے، فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سےمشاورت کے بعد کیا گیا ہے، وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانےکا کیس کرے گی۔
مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پرعطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کا منشور ہے کوئی غیر مسلم ان کی جماعت کا رکن نہیں بن سکتا، حالیہ فیصلے میں تحریک انصاف کو بن مانگے ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نظرثانی میں یہ استدعا کی جائے گی جنہیں ریلیف دیا گیا ہے کیا انہوں نے مانگا تھا؟ ایک سیاسی جماعت کو وہ حق دیا گیا جس کا وہ حق نہیں رکھتی، ہم سمجھتے ہیں کہ نظرثانی کی اپیل دائر کرنے میں حق بجانب ہیں۔
سائفرکا ڈرامہ، 9مئی حملہ کریں کوئی پوچھنے والا نہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت کامطالبہ ہے پاکستان تحریک انصاف پرپابندی لگائی جائے، ملک میں ہیجانی کیفیت پیداکرنےکی کوشش کی جارہی ہے، قوم کے سامنے7 خون معاف کے نام سے ٹریلرچلایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاہ کوسفید کریں،سائفرکا ڈرامہ، 9مئی حملہ کریں کوئی پوچھنے والا نہیں، کوئی بھی کیس ہو،ایک تاثر ہے انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا، ہمارے لیڈرنےسکھایا مخالف کریں سےگرجائیں توتیمارداری کرو۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ جیلوں میں تھے شہبازشریف نےکہا میثاق معیشت کو تیارہیں، بدترین انتقامی کارروائی کانشانہ بنایاگیا پھربھی ملک کیلئےکھڑے تھے۔