Aaj Logo

شائع 15 جولائ 2024 11:31am

پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کیلئے طلبہ کو 25 ہزار روپے کی اسکالرشپ آفر

حکومت پنجاب نے صوبے کو اسموگ سے پاک کرنے کے لیے نوجوان کے لیے 25 ہزار روپے کی اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام ”میرا پنجاب اسموگ فری“ نوجوان گریجویٹس کو اسکالرشپ پیش کرتا ہے تاکہ وہ کمیونٹی سروس کے طور پر صوبے کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کے مستقل خاتمے کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، سموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت نوجوان گریجویٹس مخصوص کمیونٹی سروس پیش کریں گے، گزشتہ دو برس میں اپنی ڈگریاں مکمل کرنے والے گریجویٹ درخواست دے سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت انٹرن کو 25,000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، جو کمیونٹی سروس اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

انٹرن شپ پروگرام کے لیے رجسٹریشن 20 جولائی 2024 تک کی جا سکتی ہے اور 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد اس کے لیے اہل ہوں گے۔ شرکا کو ان کے انٹرن شپ پروگرام کی تکمیل پر ’کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ‘ بھی دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گاڑیوں اور فیکٹریوں سے دھوئیں کے اخراج کو روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے درخت لگا کر اسموگ کے سنگین مسئلے کے حل کے لیے حکومت کی کوششوں میں ساتھ دیں۔

Read Comments