عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز دن کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رحجان دیکھنے کو ملا ہے۔
ایک موقع پر ہنڈریڈ انڈیکس 1362 پوائنٹس اضافے کے بعد 81306 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا۔ تاہم جب پیر کی ٹریڈنگ کا اختتام ہوا تو 100انڈیکس 1211پوائنٹس کے اضافے سے 81155 پوائنٹس پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا، جس کی مالیت 7 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس کا دورانیہ 37 ماہ ہوگا۔ معاہدے کے بعد پہلے کاروباری روز اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے۔