سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کا آج مری میں ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
ن لیگ کی جانب سے اہم اجلاس پیر کو طلب کیا گیا تھا جس میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہونا تھی تاہم اب یہ اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا اجلاس محرم الحرام کے باعث ملتوی کیا گیا، اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں پر غور کے لیے بڑی بیٹھک رکھی تھی۔
علاوہ ازیں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی کو عدلیہ سے ملنے والے ریلیف اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت مکمل کی گئی۔
نواز شریف نے مختلف آپشن پر مرکزی قیادت سے مشاورت کی، صدر ن لیگ کی ہدایات سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکمراں اتحاد نے اس معاملے پر سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر بھی غور شروع کردیا ہے جبکہ پارلیمنٹ میں عدالتی فیصلے پر بحث ہوگی۔
ن لیگ نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں قیام کی ہدایت دے دی ہے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پیر کو پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی کہ نظرثانی درخواست دائر کی جائے یا نہیں۔
مخصوص نشستوں کے فیصلے پر اپیل میں جانا ہے یا نہیں پیر کو پارلیمنٹ میں فیصلہ ہوگا، خواجہ آصف
مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ، سینیٹ و قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر غور
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کی تجویز وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے دی ہے۔