Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2024 11:34pm

ن لیگ کی عدالتی فیصلوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت مکمل، پیر کو ہونے والا اجلاس ملتوی

مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے پیدا شدہ صورتحال پر حکمران اتحاد نے جوابی حکمت عملی کی تیاری پر کام شروع کردیا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی سے متعلق حکمت عملی پارلیمنٹ میں مرتب کی جائے گی۔ ن لیگ نے عدالتی فیصلوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت مکمل کرتے ہوئے پیر کو مری میں ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے عدالتی فیصلوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر شہباز شریف ، مریم نواز اور دیگر سینئر پارٹی رہنماؤں سے فردا فردا مشاورت کی، جس کے بعد عدالتی فیصلوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت مکمل کرلی گئی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی ہدایات سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو جلد آگاہ کردیا جائے گا۔ پارٹی کا مشاورتی اجلاس جلد لاہور میں بلایا جائے گا۔ جبکہ پیر کو ”مری“ میں نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہونا تھا جو ملتوی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکمراں اتحاد نے اس معاملے پر سینیٹ اور قومی اسمبلی اجلاس بلانے پر بھی غور شروع کردیا ہے، پارلیمنٹ میں عدالتی فیصلے پر بحث ہوگی۔

ن لیگ نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں قیام کی ہدایت دے دی ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پیر کو پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی کہ نظرثانی درخواست دائر کی جائے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کی تجویز وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے دی ہے۔

Read Comments