پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور بھڑکیں مارتے رہتے ہیں۔
نوشہرہ میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اعلیٰ خیبرپخٹونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہوں یا کوئی بھی ہوں، گواہی کے لیے بلایا گیا تو حق کی گواہی دوں گا، جو دیکھا ہے، جو میرے سامنے واقعات پیش آئے ہیں، سب بتانے کے لیے تیار ہوں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ میں علی امین گنڈا پور کو اور علی امین مجھے بہت اچھی طرح جانتے ہیں، نہ ہی میں نے کبھی جھوٹ بولا نہ ہی جھوٹ بولوں گا، کچھ لوگ ہیں جو سچ برداشت نہیں کر سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور بھڑکیں مارتے رہتے ہیں، علی امین بھی اس وقت کابینہ کا حصہ تھے ان کو بھی گواہی دینی چاہیئے۔
پرویز خٹک نے بتایا کہ میں اللہ تعالی کی ذات کے علاوہ کسی سے نہ پہلے ڈرا ہوں نہ اب ڈرتا ہوں، نیب کے نوٹس ملتے آئے ہیں، قانون کے مطابق مقابلہ کیا ہے، خیبرپختونخوا میرا صوبہ اور علاقہ ہے کوئی مائی کا لال مجھ کو نہیں روک سکتا۔
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا مجھ پر کسی کا احسان نہیں تو احسان فراموش کیسے ہو سکتا ہوں، 2013 میں اپنی محنت سے کم ممبران پر حکومت بنائی، کسی نے احسان کرکے وزیراعلیٰ نہیں بنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے پرویز خٹک کو دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے عمران خان کے خلاف گواہی دی تو انہیں خیبر پختونخوا میں رہنے نہیں دیں گے۔
5 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، ان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال کو طلب کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ 17 جولائی 2023 کو پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کی بنیاد رکھی تھی۔