Aaj Logo

شائع 07 جولائ 2024 01:07pm

شدید گرمی سے گلیشیرز پگھلنے کے باعث گلگت بلتستان میں کئی علاقے زیرِآب

شدید گرمی پڑنے پر گلیشیرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہو جانے سے گلگت بلتستان کے بہت سے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ یہی کیفیت دریائے غذر میں پانی زیادہ آجانے کے باعث رونما ہوئی ہے۔

آج نیوز کے نمائندے دردانہ شیر کی رپورٹ کے مطابق متعدد مقامات پانی بہت زیادہ آجانے سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دریائے غذر پر تعمیر کیا جانے والا ایک بڑا حفاظتی پشتہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔

عوام اور منتخب نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں اور کھیتوں کو بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ متعدد مقامات پر پانی زیادہ مقدار میں آجانے سے زمین کا کٹاؤ بڑھ گیا ہے۔

بعض مقامات پر پانی اتنا زیادہ آگیا ہے کہ لوگوں کو گھروں سے نکلنے کے خدشے کا سامنا ہے۔

گلیشیرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہو جانے سے نشیبی علاقوں کو زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے ضروری انتظامات اب تک دکھائی نہیں دیے۔

Read Comments