ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے 8 ویں میچ میں کامران اکمل اور شرجیل خان کی دھواں دھار اننگز کی بدولت پاکستان چیمپئنز نے بھارت چیمپئنز کو باآسانی 68 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستان چیمپئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔
شرجیل خان 30 گیندوں پر 72 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے یوں 145 پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری۔
پاکستان چیمپئنز کی بھارت چیمپئنز کے خلاف دوسری وکٹ 189 رنز پر گری، کامران اکمل 40 گیندوں پر 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ صہیب مقصود نے 51 اور شعیب ملک نے 25 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہد آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت چیمپئنز کی جانب سے آر پی سنگھ، انوریت سنگھ، دھول کلکرنی اور پون نیگی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان چیمپئنز کے 244 رنز کے تعاقب میں بھارت چیمپئنز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 175 رنز بناسکی اور اسے 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کی جانب سے سریش رائنا سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، روبن اُتھاپا 22، امباتی رائیڈو 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انوریت سنگھ نے 20 رنز بنائے، جبکہ یوراج سنگھ 14 اور عرفان پٹھان نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل تنویر اور سہیل خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے، پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔
لیگ میں شریک پاکستانی ٹیم کپتان شاہد آفریدی، شرجیل خان، عمر اکمل، یونس خان، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، عبدالرحمان، عامر یامین، توفیق عمر، شعیب مقصود، یاسر عرفات اور تنویر احمد پر مشتمل تھی۔
پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم میں کپتان یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو، گرکیرت مان، راہول شرما، نامن اوجھا، راہول شکلا، آر پی سنگھ، ونئے کمار، دھاول کلکرنی، سوربھ تیواری، انوریت سنگھ اور پون نیگی شامل تھے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظور شدہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 جولائی کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ میدان میں شروع ہوئی جو 18 جولائی تک جاری رہے گی۔