ہچکیاں آنا ایک نارمل کیفیت ہے۔ جو کبھی بھی اور کسی کو بھی آ سکتی ہیں۔اکثر یہ کیفیت تھوڑا سا پانی پینے کے بعد خود بخود ٹھیک ہو جاتی ہے، لیکن کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ چاہے آپ کتنا بھی پانی پی لیں، ہچکیاں بند ہونے کا نام نہیں لیتی ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسے آسان ٹوٹکے بتائیں گے جو آپ کی ہچکیوں کو فوری طور پر روک دیں گے۔
ویسے تو ہچکیاں آنا عام سی بات ہے، جو تھوڑی دیر بعد آنا بند ہو جاتی ہیں یا تھوڑا سا پانی پینے کے بعد ہی رک جا تی ہیں۔ لیکن کچھ افراد میں ہچکیوں کا دورانیہ کئی گھنٹوں بلکہ دنوں تک بھی بڑھ سکتا ہے۔اوراصل مسئلہ اس وقت شروع ہوتا ہے، جب لاکھ کوشش کرنے کے بعد بھی یہ رکنے کا نام نہ لیں۔ مسلسل ہچکیاں انسان کو بہت تکلیف دہ محسوس ہوتی ہیں اور پیٹ میں بھی درد ہونے لگتا ہے۔ اگر آپ کو اکثر طویل عرصے تک ہچکیاں آرہی ہوں تو آپ کو فوری طور پر ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہئے۔
یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے گھریلو نسخے بتانے جا رہے ہیں، جن کی مدد سے آپ کو فوری راحت ملے گی۔
بادام نائٹ کریم، موسم گرما کے لیے بہترین
اگر پانی پینے کے بعد بھی ہچکیاں رکنے کا نام نہ کے رہی ہوں تو تھوڑی دیر کے لیے اپنی سانس روکنے کا حربہ ضرور آزمائیں۔ کیونکہ ہچکی روکنے کا سب سے بہترین اور آزمودہ طریقہ سانس روکنا ہے اور ہچکیوں کو روکنے کے لیے سب سے پہلے اسی طریقے کو پر عمل کرنا چاہیئے۔
اس کے لیے آپ کو آرام سے بیٹھ کر سانس روکنے کی پریکٹس کرنی ہوگی۔ سانس کو اندر کھینچنے سے پہلے دس سے بیس سیکنڈ تک روکیں، پھر اسےاندر لے جائیں۔ تھوڑی دیر تک ایسا کرتے رہنے سے آپ کی ہچکیاں کم ہو جائیں گی۔
ہچکیوں کو روکنے کا یہ طریقہ بھی بہت آسان اور فائدہ مند ہے۔ اس طریقے میں بھی آپ کو پانی کی ضرورت تو ہوگی، مگر تھوڑے منفرد انداز میں یعنی ناک پکڑ کر۔ اپنی انگلیوں سے اپنی ناک کو پکڑیں اور ہلکا دبائیں پھر گھونٹ گھونٹ پانی پیتے جائیں۔ ہچکیاں فوری طور پر کم ہوجائیں گی۔
ہچکیوں کو روکنے کے لیے کھٹی چیزوں کے استعمال کی تجویز بھی دی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں لیموں بھی کام آسکتا ہے ۔آپ لیموں کا ایک ٹکڑا کاٹ کر اس پر تھوڑا سا نمک لگائیں اور اسے چوستے رہیں۔ تھوڑی ہی دیر میں ہچکیاں آنے کا سلسلہ رک جائے گا۔
اگر گھر میں لیموں دستیاب نہ ہو تو چینی وہ آئٹم ہے، جو عام طور پر ہر ایک کے گھر میں پائی جاتی ہے۔ یہ ہچکیوں کو روکنے کا ایک آزمودہ اور نسبتا آسان طریقہ بھی ہے۔ ایک چمچ چینی منہمیںڈال کر اس کو چبا لیں۔ تھوڑی ہی دیر میں آپ کی ہچکیاں بند ہو جائیں گی۔ اگر کچی چینی کھانا مشکل لگ رہا ہو تو تو ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں چینی گھول کر چینی کا شربت بنا لیں اور اسے پی لیں۔کچھ ہی دیر میں افاقہ ہو جائے گا۔
ایک اور ایسی ہی آسان ترکیب ہے، جس میں کسی شے کی ضرورت نہیں ہوگی اورگھر سے باہریا گھر کا اندر ہر کنڈیشن میں اس تکنیک کی مدد سے آرام سے اپنی ہچکیوں کو روک سکتے ہیں۔ جب بھی آپ کو ہچکی آئے تو ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ کی ہتھیلی کے درمیانی حصہ پر ہلکا سا زور لگائیں۔ بہت زیادہ زورنہ لگائیں۔ تھوڑی ہی دیر میں آپ کو ہچکیاں آنا بند ہوجائیں گی۔