برطانیہ کے عام انتخابات میں شکست کے بعد وزیر اعظم رشی سونک نے کنگ چارلس کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے جب کہ کیئر اسٹارمر نے بھی اہلیہ کے ہمراہ بکنگھم پیلس میں کنگ چارلس سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کی دعوت قبول کرلی۔ جس کے بعد انھوں نے نئی کابینہ تشکیل دے دی، پاکستانی نژاد شبانہ محمود کو وزیر انصاف مقرر کردیا گیا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کنزرویٹو کا 14 سالہ دور ختم ہوگیا ہے اور عام انتخابات میں لیبر پارٹی نے فتح حاصل کرلی ہے جس کے بعد سر کئیر اسٹارمر نئے وزیراعظم بن گئے ہیں۔
برطانیہ کے عام انتخابات میں 650 میں سے 648 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں اور لیبر پارٹی نے اب تک 412 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔ عام انتخابات میں کنزرویٹو نے 121 اور لبرلز نے 71 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی بھاری اکثریت میں کامیاب ہوکر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔
بکنگھم پیلس میں کنگ چارلس سے ملاقات کے بعد برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کیئراسٹارمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں ابھی شاہی محل سے واپس آیا ہوں، اور میں نے وزیراعظم بننے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔
برطانیہ کے متوقع وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کون ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ایک قوم بن کر آگے بڑھنا ہوگا، میں رشی سوناک کا بھی مشکور ہوں، میری حکومت عوام کی خدمت کرے گی۔
کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ہم اپنی پالیسی پر بھی نظرثانی کریں گے، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ورکنگ کلاس کےلیے ورلڈ کلاس اسکول اور کالجز بنائیں گے، برطانیہ کو ایک بار پھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے۔
برطانوی وزیر اعظم کی تنخواہ کتنے کروڑ روپے ہے
نو منتخب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، مل کر مقابلہ کریں گے، ورکنگ کلاس کی زندگیوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کیلئے فوری طور پر کام شروع ہو جائے گا، عوام نے تبدیلی اور خدمت کیلئے ووٹ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیئر اسٹارمر نے ریچل ریوز کو وزیر خزانہ تعینات کر دیا ہے، ریچل ریوز برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر خزانہ ہوں گی۔
اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ اینجلا رائینر کو نائب وزیر اعظم کا عہدہ سونپ دیا گیا ہے، ڈیوڈ لیمے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ہوں گے، جبکہ جان ہیلے کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی نژاد شبانہ محمود کو وزیر انصاف بنا دیا گیا، یوویٹ کُوپر وزیرِداخلہ جبکہ بریجٹ فلپسن وزیر تعلیم ہوں گی، ویس اسٹریٹنگ کو وزیر صحت اور ایڈ ملی بینڈ کو وزارتِ توانائی سونپ دی گئی ہے۔