Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2024 01:28pm

اسلام آباد انتظامیہ پر پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلز خریدنے پر پابندی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں، ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لئے اسلام آباد کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) آئندہ سے صرف الیکٹرک بائیکس خریدے گی، شہریوں کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کری انکلیو، فیڈرل سیکریٹریٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش، ڈپلومیٹک انکلیو اور اسمارٹ پارکنگ کے منصوبوں پر پیشرفت پر بھی غور کیا گیا جبکہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے سی ڈی اے آئندہ سے صرف الیکٹرک بائیکس خریدے گی، اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

’پنجاب میں سرکاری سطح پر پیٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی‘

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیٹرول والے موٹر سائیکلز خریدنے پر پابندی عائد کر دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی، ایمرجنسی سروسز کو ایم سی آئی سے سی ڈی اے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیپیٹل واسا کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا، کیپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لئے متعلقہ امور کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سرینا چوک انڈر پاس اور ایف نائن پارک چوک فلائی اوور منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے، طویل مدت سے زیر التوا ایکسپریس وے کے منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے، نان ڈویلپ سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کر کے لوگوں کو قبضہ دیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ 17 برس سے تعطل کا شکار اسلام آباد ماڈل جیل پر کام تیزی سے جاری ہے، اسلام آباد ماڈل جیل کا پہلا مرحلہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، اسلام آباد میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر بنائے جا رہے ہیں، ان سینٹرز پر سرمایہ کاروں کو سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی، سیکٹر ایچ سولہ میں ہیلتھ ٹاور کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے ریکارڈ ٹیکس وصولی پر چیئرمین سی ڈی اے سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفننگ دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ صرف پلاٹ اور زمیںن بیچ کر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، ضروری ہے کہ ادارے کے اثاثے بڑھائے جائیں، اس سلسلے میں انویسٹمنٹ پلان مرتب کر کے 7 روز میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور سی ڈی اے کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

Read Comments