پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار کا کہنا ہے کہ آج عمران خان صاحب نے ہمیں بلوایا تھا، لیکن ہمیں ایجنڈا نہیں پتا تھا کہ کیوں بلایا ہے، قیاس آرائی تھی کہ گروہ بندی ہے اس لئے بلوایا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائٹ وِد عامر ضیاء“ میں شاندانہ گلزار نے کہا کہ یہ لوگ ڈر گئے اور ہمیں نہیں ملنے دیا گیا، ہمارا دشمن اتنا ڈرپوک ہے کہ خان صاحب کی ایک تصویر سپریم کورٹ سے آتی ہے تو ان کی جانیں نکل جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے نہیں وطن کے دشمن ہیں، پاکستان کے جو لوگ پانچ ٹکڑے کرنے والے ہیں یہ اس کے سہولت کار ہیں۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ جب جنرل باجوہ نےب سوات اور خیبرپختونخوا میں ٹی ٹی کے دہشتگردوں کو دوبارہ سیٹل کرنے کی بات کی تو ان لوگوں نے یہ بات کیوں مانی؟ یہ بات آن ریکارڈ ہے کہ جب میٹنگ ہوئی تو جنرل باجوہ اور ان کے ہم نوا آئے اور کہا کہ ہمیں یہ کرنا پڑے گا، تب مراد سعید اور اعظم خان نے کہا کہ ملکی سکیورٹی کا مسئلہ تو ہے ہی، لیکن یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ جن لوگوں نے ہمارے بچوں کو مارا وہ ہمارے صوبوں اور گھروں میں ان لوگوں کو بسا دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جو دھڑے بندیوں کی بات ہوتی ہے یہ پیسے کیلئے ہوتی ہے، یہ باہر بیٹھے ہوئے یوٹیوبرز 25، 25 ڈالرز گھنٹے پر کرتے ہیں جس کا مقصد عوام کی اصل چیز سے توجہ ہٹانا ہے جو ہے عزم استحکام، میرے پاس اس کا ثبوت ہے، اور بہت جلد ان کی ساری پولیں کھولی جائیں گی، لیکن تب تک یہ جیلوں میں ہوں گے، کیونکہ جن ملکوں میں یہ بیٹھے ہوئے ہیں وہاں ہتک عزت پر قوانین بہت سخت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں پر معدنیات نکل آتی ہی وہاں پتا نہیں کہاں سے دہشتگرد نکل آتے ہیں اور پھر آپریشن شروع ہوجاتے ہیں، یہ تو پرانا حربہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد نے کہا شاندانہ کہتی ہے مجھے پنجابیوں سے نفرت ہے، میری بہن کی سرائیکیوں میں شادی ہوئی ہے، میرے بھائیوں کی اردو اسپیکنگز میں شادی ہوئی ہے، میری آدھی فیملی پنجابی ہے، یہ بات آئی کہاں سے ہے، ان باتوں کا نہ سر ہے نہ پیر ہے۔