سوچیں آپ کسی اہم کام یا چھٹیاں منانے کیلئے طویل فضائی سفر کرکے اپنی منزل پر پہنچیں، اور پہنچ کر پتا چلے کہ ائیرلائن نے آپ کا سامان ہی کھو دیا ہے، تو کیسا محسوس ہوگا؟ اس صورت حال کا سامنا اکثر فضائی مسافروں کو کرنا پڑتا ہے۔
لیکن جب ایک ائیرلائن نے کروڑ پتی ٹیکنالوجی ماہر کی گرل فرینڈ کا لگیج کھویا تو اسے اتنا غصہ چڑھا کہ بدلہ لینے کیلئے اس نے ایک پوری ویب سائٹ بنا ڈالی، جس میں دنیا بھر کی ائیرلائنز کی جانب سے کھوئے بیگیجز کی تفصیلات شئیر کی جاتی ہیں۔
اس ٹیکنالوجی ماہر کا نام پئیٹر لیولز ہے، اور اس کی بنائی گئی ویب سائٹ کا نام luggagelosers.com ہے۔
پئیٹر کو ویب سائٹ بنانے کا خیال اس وقت آیا جب اس کی گرل فرینڈ کا سامان ایک سستی ہسپانوی ایئر لائن نے گم کردیا۔
پئیٹر لیولز نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا، ’میں نے یہ اس لیے کیا کیونکہ ووئلنگ ایئرلائن نے دو ہفتے قبل میری گرل فرینڈ کا سوٹ کیس کھو دیا تھا اور ابھی تک اسے واپس نہیں کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ اس ویب سائٹ پر ان ایئر لائنز کی لائیو رینکنگ ہے جو بتاتی ہے کہ کہ وہ اس وقت کتنا سامان کھو رہی ہیں، لہذا آپ ان کے ساتھ پرواز کرنے سے بچ سکتے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق، سامان کھونے والی سرفہرست ایئرلائنز میں سب سے اور ہندوستان کی قومی ایئر لائن ”ایئر انڈیا“ ہے، جبکہ ایک اور ہندوستانی ائیرلائن ”اسپائس جیٹ“ بھی سامان کھونے والی ٹاپ ٹین ایئرلائنز میں شامل ہے۔
ویب سائٹ کی درجہ بندی کے حساب سے دیکھیں تو پہلے نمبر پر ائیر انڈیا، دوسرے پر آئرش ائیر لنگس، تیسرے پر برٹش ائیرویز اور اس کے بعد بالترتیب کینیڈین ویسٹ جیٹ ائیرلائنز، ہسپانوی آئبیریا، بھارتی اسپائس جیٹ، برطانوی ایزی جیٹ، ہسپانوی ووئلنگ، امریکی اسپرٹ ایئرلائنز اور برطانوی جیٹ ٹو ایئرلائن شامل ہیں۔
اس ویب سائٹ میں پاکستان کی قومی ائیر لائن “پی آئی اے کا بھی ذکر ہے جو 46 ویں نمبر پر ہے جو مہینے میں اوسطاً 928 لگیج کھوتی ہے اور اس حوالے سے 9 شکایات موصول ہوتی ہیں۔
اس میں ان ائیرلائنز کی فہرست بھی دی گئی ہے جو سب سے کم سامان کھوتی ہیں، جن میں بالترتیب لیٹیم برازیل، امریکی الاسکا ائیرلائنز، سعودیہ، ملائشیا ائیرلائنز، گروڑا انڈونیشیا، ایس اے ایس اسکینڈینیویا، ملیشین ایئر ایشیا، عمان ائیر، پانامہ کی کوپا ایئرلائنز، تھائی ائیرویز، اور فنایئر شامل ہیں۔
تاہم، چونکہ رپورٹ کا ماخذ سوشل میڈیا سے لیا گیا ہے، اس لیے آج ٹی وی اس کی تصدیق نہیں کر سکتا۔
ویب سائٹ کی درجہ بندی کا الگورتھم صرف ایک فہرست پر مشتمل نہیں، یہ ہر ایئرلائن کے سائز بشمول فلائٹ نمبر اور فلیٹ سائز کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ یعنی یہ کھوئے ہوئے سامان کے حوالے سے ایک رئیل ٹائم اسکور بورڈ کی طرح ہے۔