خیبرپختونخوا میں بم دھماکے کے نتیجے میں سابق گورنر شوکت اللہ کے بھائی ہدایت اللہ سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ شہید ہدایت اللہ سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔
ضلع باجوڑ میں سابق گورنر شوکت اللہ کی گاڑی پر بم حملہ کیا گیا۔
واقعہ ڈمہ ڈولہ میں پیش آیا جہاں ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے میں شوکت اللہ کے بھائی سابق سینیٹر ہدایت اللہ، ملک عرفان، نظر الدین، یار محمد اور سمیع الرحمٰن مارے گئے۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
بعد ازاں باجوڑ دھماکے میں جاں بحق سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
خیبر پختونخواہ میں سیکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنز، مطلوب کمانڈرز سمیت 9 دہشتگرد ہلاک
تمام جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال خار باجوڑ منتقل کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان سال 2012 سے لیکر 2024 تک سینیٹ کے ممبر رہے ہیں، وہ دو بار فاٹا سے اۤزاد حیثیت سے سینیٹ کے ممبر رہ چکے ہیں، ساتھ ہی نیکٹا کے ممبر اور سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوابازی کے چیئرمین بھی رہے۔
سینیٹر ہدایت اللہ کا تعلق ناوگئی سے تھا اور وہ سابق گورنر خیبر پختونخوا انجیینئر شوکت اللہ خان کے چھوٹے بھائی اور سابق ایم این اے حاجی بسم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔
ہدایت اللہ خان اپنے بھتیجے اۤزاد امیدوار پی کے 22 نجیب اللہ خان کے الیکشن مہم کے سلسلے میں ڈمہ ڈولہ گئے تھے ، نجیب اللہ خان 11 جولائی کو ہونے والے پی کے 22 پر ضمنی الیکشن کے لئے امیدوار ہیں۔
ہدایت اللہ خان ساتھیوں کے ہمراہ الیکشن مہم کے بعد ڈمہ ڈولہ سے واپس ہیڈکوارٹر خار اۤرہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی پر دھماکہ ہوا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سابق سینیٹر ہدایت اللہ اور دیگر افراد کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سابق سینیٹر و دیگر کی اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہشہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تربت : فائرنگ سے زخمی شخص کے گھر کے باہر دھماکا، خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے بھی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
علی امین کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے، وزیراعلیٰ نے سوگوارخاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔