پاکستان میں ہیٹ ویو کے اسباب میں فوسل فیول کا بے دریغ استعمال سب سے بڑی وجہ ہے، درختوں کی کٹائی، کوئلے اور گیس سے بجلی کی پیداوار اور گیسوں کے اخراج نے ماحولیاتی تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ توانائی کے متبادل ذرائع موسم کی شدت کو کم کرسکتے ہیں۔
سڑکوں پر بے ہنگم دھواں اڑاتی گاڑیوں، جلتے کچرے، درختوں کی کٹائی، کوئلے اور گیس سے بجلی کی پیداوار کے باعث پاکستان میں درجہ حرارت بڑھ گیا ہے اور شدید گرمی نے درجنوں انسانی جانیں لے لی ہیں۔
ماہر ماحولیات یاسر حسین کہتے ہیں کہ پاکستان سمیت تمام ممالک گلوبل وارمنگ سے متاثر ہیں۔
دوسری جانب مہنگی بجلی سے نجات فوسل فیول کے استعمال میں کمی اور یورپی یونین کی جانب سے برآمدات پر لٹکتی پابندیوں کی تلوار سے بچنے کے لئے صنعت کار سولرائزیشن پر توجہ دے رہے ہیں، لیکن محدود مالی وسائل اور جگہ کی کمی کے باعث یہ مکمل طور پر ممکن نہیں۔
پاکستان بالخصوص کراچی کو موسمی تبدیلی کے باعث شدید گرمی کا سامنا ہے، ایسے میں توانائی کے متبادل ذرائع کا استعمال نہ صرف فوسل فیول میں کمی کا سبب بنے گا بلکہ موسم کی حدت میں بھی کمی ہوگی۔