Aaj Logo

شائع 03 جولائ 2024 12:49pm

وزیراعظم کی تاجک ہم منصب سے ملاقات، کراچی بندرگاہ پر تجارت کی دعوت دی

وزیراعظم شہبازشریف کی تاجک ہم منصب قاہر رسول زادہ سے ملاقات ہوئی، جس میں برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم کی جانب سے کراچی بندرگاہ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دی گئی۔

دورہ تاجکستان کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آج دوشنبے میں تاجکستان کے وزیز اعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک ہم منصب کو تیسری اعلیٰ سطحی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔

اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میںایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے ویژن سینٹرل ایشیا پالیسی کے مطابق تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے خطے کی پائیدار اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی روابط کی کلیدی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجک وزیراعظم کو کراچی بندرگاہ کو ٹرانزٹ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریکس اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے وسط ایشیائی ممالک کو تجارتی راہداری فراہم کرنے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے علاقائی کنیکٹیویٹی سمٹ کی میزبانی کی تجویز پیش کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین شروع ہونے والی حالیہ بین الاقوامی پروازوں کا خیر مقدم کیا اور ان پروازوں کی تعداد میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاجک اور پاکستانی عوام کے مابین مذہبی اور ثقافتی اقدار مشترک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سماجی روابط کو مزید توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے ثقافت، تعلیم، کھیلوں اور عوام سے عوام کے روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم سے تاجکستان پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین کی ملاقات

اس سے قبل دوشنبے میں وزیراعظم شہبازشریف سے تاجکستان پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین نے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پرتبادلہ خیال کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون کے حوالے سے اطمینان کا بھی اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اورباقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کومضبوط کرنے پراتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمٹ کادونوں ممالک کےعوام کو قریب لانے میں اہم کردار ہے۔

وزیراعظم نے آئین تاجکستان کی 30 ویں سالگرہ پر چیئرمین ایوان زیریں کومبارکباد دی۔

Read Comments