اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل شعیب شاہین عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، دونوں گروپس کو جیل بلایا ہے، عمران خان
دوران سماعت عدالت نے اعتراضات دور کرکے پٹیشن پر نمبر لگانے اور اس کے بعد کیس کل مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے عمران خان کے وکیل سے دریافت کیا کہ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا ہے میجر اور کرنل کو کیسے فریق بنایا جا سکتا ہے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے میجر یا کرنل کو فریق نہیں بنایا بلکہ وزارت دفاع کو فریق بنایا ہے، سابقہ جو عدالتی احکامات تھے وہ بھی ساتھ منسلک ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے اعتراضات دور کرکے پٹیشن پر نمبر لگانے کی ہدایت کر تے ہوئے کیس کل سماعت کے لیے مقرر کردیا۔