Aaj Logo

شائع 03 جولائ 2024 08:55am

تاجکستان کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عندیہ، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

Welcome

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ تاجکستان کے دوران پاکستان اور تاجکستان کے اعلیٰ سطح وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے اور سفارتکاری، تعلیم، کھیل، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شبعوں میں دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے تاجک صدر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان سماجی روابط کو وسعت دینے کی دعوت دی ہے۔

علاوہ ازیں اعلیٰ سطح وفود کے اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وفود نے سماجی، مذہبی، علاقائی اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر قائم باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دو طرفہ تعلقات کے ضمن میں دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط، ثقافت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد، پارلیمانی تبادلوں اور دیگر شعبوں میں اشتراک کے حوالے سے گفتگو کی۔ دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور تاجکستان کے مابین خارجہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں راہنماؤں نے اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت پاکستان اور تاجکستان کے حالیہ خارجہ تعلقات کو طویل مدتی اسٹریٹجک اشتراک میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ہوا بازی، سفارتکاری، تعلیم، کھیلوں، سماجی روابط، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔وزیراعظم نے تاجک صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی مکروہ بھارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

دونوں راہنماؤں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ دونوں راہنماؤں نے غزہ میں مزید انسانی زندگیوں کے ضیاع کو روکنے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کے تاجکستان کے دو روزہ دورے نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دی ہے۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں قصر ملت کے علاوہ اسماعیل سامانی کی یادگار اور قصر نوروز کا دورہ بھی کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوشنبہ میں قصرِ نوروز کا دورہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق تاجک صدر امام علی رحمٰن نے قصر نوروز آمد پروزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا اور وزیراعظم کو خود قصر نوروز کا دورہ کرایا۔وزیراعظم نے قصر نوروز اور تاجک فن تعمیر کی تعریف کی۔تاجک صدر نے وزیراعظم اورپاکستانی وفد کے اعزاز میں قصر نوروز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔

Read Comments