Aaj Logo

شائع 02 جولائ 2024 05:39pm

بجلی نادہندگان سے وصولیوں کیلئے حکومت کا نیا منصوبہ تیار، وصولی کرنے والوں کے وارے نیارے

حکومت نے بجلی کمپنیوں کے نادہندگان (ڈیفالٹرز) سے واجبات کی وصولی کے لیے ڈسکوز اور سول ملازمین کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انعام سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بجلی کمپنیوں کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے حکومت نے جو منصوبہ تیا کیا ہے اس کے مطابق، پاور ڈویژن کی جانب سے واجبات وصول کرنے کے لیے ڈسکوز ملازمین اور سول انتظامیہ و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انعامات دینے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاور ڈویژن نے مختلف تجاویز پر مشتمل ایک سمری تیار کی ہے، جس میں دو سے تین سال والے نجی شعبے کے نادہندگان سے وصولی پر 5 فیصد، تین سال سے زائد والے ڈیفالٹرز سے وصولی پر رقم کا 7 فیصد جبکہ کنکشن منقطع ہونے والے نادہندگان سے رقم کی وصولی پر 5 سے7 فیصد انعام دینے کی تجویز ہے۔

بجلی چوری کی نشاندہی کرنے والے کو وصولی کا 10 فیصد تک انعام دینے کی تجویز بھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر کُل انعام کا 80 فیصد حصہ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں جبکہ 20 فیصد حصہ بجلی کمپنیوں کے ملازمین کو دینے کی تجویز ہے۔

منصوبے کے مطابق انعامی رقم بجلی کمپنیوں میں ایک مخصوص اکاونٹ کے ذریعے ادا کی جائے گی۔

واجبات کی وصولی کے لیے موصول رقم کے کچھ حصے کو بطور انعام دینے کی تجویز کا اطلاق کابینہ، توانائی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہوگا۔

Read Comments