انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ 2026 کیلئے 12 ٹیموں کو حتمی شکل دے دی، جس کے باعث پاکستانی ٹیم پہلی بار کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے سے بچ گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائیڈ ٹیموں کی تصدیق کردی، میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان بھی شامل ہے۔
پاکستان نے ٹی 20 فارمیٹ میں بہتر رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈکپ 2026 کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔
آئندہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں بھی رواں برس کی طرح 20 ٹیمیں شریک ہوں گی، جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
ایونٹ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کے سپرد ہوگی جبکہ ان کے علاوہ آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ایونٹ میں براہ راست جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں جبکہ دیگر 8 ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے بعد ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان رواں برس ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں نہیں پہنچ سکا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا سمیت دیگر فورمز پر غلط بیانی پھیلائی جارہی تھی کہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کو کوالیفائرز میچ کھیلنے پڑیں گے۔
آئی سی سی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹوٹل 12 ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے، میزبان سری لنکا اور بھارت کے علاوہ افغانستان نے بھی کوالیفائی کیا جب کہ دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا، جنوبی افریقا، بنگلادیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، امریکا، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں ٹوٹل 20 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جب کہ باقی 8 ٹیموں کا انتخاب گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی طرح ریجنل کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فارمیٹ پر ہی کھیلا جائے گا جس میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں رکھا جائے گا اور 8 ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
بھارت نے رواں برس فائنل میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز انداز میں 7 رنز سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔