پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، جس میں میں وفاقی حکومت اور اوگرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوالیکن حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی عدالت عالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔