خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے گورکہ شاہ حسین کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رات گئے فائرنگ کا واقعہ بھٹہ خشت میں پیش آیا جہاں مزدوری کے لیے جانے والے 3 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں فاروق، نقیب اور صالح خان شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، تاحال فائرنگ کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ پولیس نے علاقے کو گہرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
دوسری جانب مزدوروں کے قتل کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ نے تاجہ زئی اڈہ میں لاشیں سڑک پر رکھ کر انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ مزدوروں کا کیا گناہ تھا جو انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا، حکومت ہمیں انصاف فراہم کرے، قاتل جو بھی ہو، انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔