اے سی سی ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
اے سی سی ویمنز ایشیا کپ آئندہ ماہ سری لنکا میں ہوگا، 19 جولائی سے 28 جولائی تک ہونے والے ایونٹ کے لیے ندا ڈار کو پاکستان ویمن ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
ارم جاوید، عمیمہ سہیل اور سیدہ عروب شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ تسمیہ رباب پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہوئی ہیں۔
دورہ انگلینڈ میں شامل عائشہ ظفر، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، ام ہانی اور وحیدہ اختر ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکیں۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا کوچنگ اسٹاف تبدیل، محمد وسیم ہیڈ کوچ مقرر
پی سی بی کے مطابق عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن کو قومی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
ارم جاوید نے اپنا آخری ٹی 20 انٹرنیشنل اکتوبر 2023 میں کھیلا تھا عمیمہ نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی 20 سیریز کھیلی تھی جبکہ عروب بھی گزشتہ سال ستمبر میں آخری بار ایکشن میں تھیں۔
پہلی بار ٹیم میں شامل ہونے والی تسمیہ رباب نے نومبر 2023 میں ویسٹ انڈیز اے اور تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان اے کی نمائندگی کی تھی۔
ایونٹ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 جولائی سے کراچی میں ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں شروع ہوگا اور 16 جولائی کو ٹیم کی روانگی تک جاری رہے گا۔
ایشیا کپ میں پاکستان کا مقابلہ 19 جولائی کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز بھارت سے ہوگا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اس کے میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو ہوں گے۔