Aaj Logo

شائع 29 جون 2024 04:39pm

”نہرو کے بھروسے پر رہتے تو آج ہم بیل گاڑیوں میں سفر کر رہے ہوتے!“

بھارت کی ریاست گجرات کے شہر راج کوٹ میں آج صبح ایئر پورٹ کے باہر مسافروں کے پک اینڈ ڈراپ ایریا کی چھت گرگئی۔ اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ تاہم بی جے پی اور کانگریس میں ٹھن گئی ہے۔

یاد رہے کہ دو دن قبل نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ٹرمنل ون کی چھت گرگئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔

گجرات میں ایک زمانے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ راج کوٹ ایئر پورٹ کے باہر پک اینڈ ڈراپ ایریا کی چھت گرنے پر کانگریس کی طرف سے نکتہ چینی پر بی جے پی میڈیا ونگ کے سربراہ امت مالویا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کی جس میں انہوں نے کانگریس پر شدید نکتہ چینی کی۔

امت مالویا نے لکھا کہ راج کوٹ ایئر پورٹ کے حادثے پر پنڈت جواہر لعل نہرو کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا کیونکہ انہوں نے تو اپنے دور میں ملک کی ضرورت کے مطابق ایئر پورٹ تعمیر ہی نہیں کروائے تھے۔

امت مالویا نے یہ بھی لکھا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو جیسے لوگ قدامت پسند تھے اور اگر ہم اُن کے بھروسے پر جیے ہوتے تو آج بیل گاڑیوں میں سفر کر رہے ہوتے۔

Read Comments