Aaj Logo

اپ ڈیٹ 29 جون 2024 04:35pm

آئندہ دو سال کے لیے ٹی 20 کرکٹ کا سلطان کون ہوگا؟ فیصلہ آج

اگلے دو سال تک ٹی 20 کرکٹ کی دنیا پر کس کی حکمرانی رہے گی، کون سلطان بنے گا اس کا فیصلہ آج شام ہو جائے گا۔ کنگسٹن، بارباڈوز میں آج شام بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں ٹکرانے والی ہیں۔

دونوں ہی ٹیمیں ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہیں اور دونوں نے اپنا اپنا سیمی فائنل اچھے مارجن سے جیتا ہے۔ جنوبی افریقا نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے جبکہ بھارت نے انگلینڈ کو 68 رنز سے ہرایا۔

دونوں ہی ٹیموں کا مورال غیر معمولی حد تک بلند ہے۔ کسی بھی ٹیم کو کسی بھی شعبے میں کمزور قرار نہیں دیا جاسکتا۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں ہی شعبوں میں دونوں ٹیمیں اپنے آپ کو منواچکی ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کم و بیش 2 ارب ارب افراد دیکھیں گے۔ جنوبی ایشیا میں بھارت کے علاوہ پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کے شائقین بھی اس میچ کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

خلیجی ممالک میں آباد بھارتی، پاکستانی، بنگلہ دیشی، سری لنکن، نیپالی اور افغان باشندوںمیں بھی فائنل کے حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

جنوبی افریقا کے علاوہ زمبابوے، کینیا، نمیبیا، یوگینڈا، آئر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، امریکا اور بہت سے دوسرے ممالک میں بھی کروڑوں افراد یہ میچ دیکھیں گے۔

بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان فائنل کے موقع پر بارش کا بھی امکان ہے اور ریزرو ڈے پر بھی بارش ہوسکتی ہے۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپین قرار دیا جائے گا۔ رچی رچرڈ سن دوسری بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل میں ریفری ہوں گے۔ کرسٹوفر گیفانی اور رچرڈ اِلنگورتھ فیلڈ امپائر ہوں گے۔ رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی امپائر جبکہ روڈنی ٹکر فورتھ امپائر ہیں۔

Read Comments