پاکستان ریلوے نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران کراچی سے راولپنڈی کے درمیان ’’سمر ویکیشن اسپیشل ٹرین‘‘ چلانے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان ریلوے نے کراچی سے راولپنڈی کے لیے ’’سمر ویکیشن اسپیشل ٹرین‘‘ کا آغاز کردیا، اسپیشل ٹرین گرمیوں کی تعطیلات میں 5 سے 30 جولائی تک چلیں گی، جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سمر اسپیشل ٹرین 5 جولائی کو کراچی سے رات 8:45 پر روانہ ہو کر اگلی سہ پہر 3:40 پر لاہور اور رات 10:00 بجے راولپنڈی پہنچے گی۔
اسپیشل ٹرین راولپنڈی سے دوپہر 12:30 روانہ ہو کر شام 6 بجے لاہور اور اگلے دن دوپہر 2:15 پر کراچی پہنچے گی۔
ٹرین 17 کوچز پر مشتمل ہو گی جس میں 2 اے سی بزنس، 2 اے سی اسٹینڈرڈ، 12 اکانومی کلاس اور 1 پاور وین شامل ہیں۔
سمر ویکیشن ٹرین ہر 2 دن بعد چلے گی جس میں 1140 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہو گی۔